ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / شمالی ہند کے بعد اب پورے ملک میں ہوگی موسلادھار بارش، محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی

شمالی ہند کے بعد اب پورے ملک میں ہوگی موسلادھار بارش، محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی

Tue, 11 Jul 2023 11:29:19    S.O. News Service

نئی دہلی، 11/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، دہلی-این سی آر، پنجاب اور مغربی اتر پردیش میں زوردار بارش کے درمیان محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ اگلے کچھ دنوں کے دوران جنوب سے لے کر مشرق اور مغرب سے شمال مشرقی ہندوستان تک پورے ملک میں زبردست بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے آج کہا کہ ہماچل پردیش، شمالی پنجاب اور ہریانہ کے آس پاس کے علاقوں میں پیر کے بعد بارش میں کمی آئے گی، جبکہ شمال مشرق اور آس پاس کے علاقوں میں اگلے تین دنوں کے دوران زیادہ تیز بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی ہندوستان میں آئندہ پانچ دنوں میں ہلکی سے درمیانے درجہ کی بارش ہونے کی امید ہے، جبکہ اتراکھنڈ، مشرقی راجستھان اور اتر پردیش میں تیز بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ ایک بیان میں ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، دور دراز شمالی پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ کے ساتھ ساتھ مغربی راجستھان میں پیر کو تیز بارش کی امید ظاہر کی گئی ہے۔ اس کے بعد بارش میں کمی آنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماچل پردیش میں منگل کو تیز بارش ہو سکتی ہے جبکہ دہلی میں بارش میں کمی آئے گی۔ شمال مشرق میں اگلے تین سے چار دنوں میں ہلکی بارش ہوگی۔ علاوہ ازیں ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، سکم، آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور اور بہار میں تیز بارش ہونے کی بات کہی گئی ہے۔ اڈیشہ میں اگلے پانچ دنوں میں الگ الگ مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے، جبکہ جھارکھنڈ میں 12 اور 13 جولائی کو بارش کی امید ہے۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے پانچ دنوں تک کونکن، گوا اور گجرات کے علاقوں میں درمیانہ درجے کی بارش ہوگی۔ اس میں یہ بھی جانکاری دی گئی ہے کہ وسطی مہاراشٹر کے ساحلی علاقوں میں 13 اور 14 جولائی کو الگ الگ مقامات پر بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ حالانکہ وسطی ہندوستان میں اگلے پانچ دنوں تک ہلکی بارش ہوگی۔ مغربی مدھیہ پردیش میں 11 اور 12 جولائی کو الگ الگ مقامات پر بھاری بارش ہو سکتی ہے۔ جنوبی ہندوستان کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ آئندہ پانچ دنوں تک درمیانہ درجے کی بارش ہوگی۔ ساحلی کرناٹک اور کیرالہ میں الگ الگ مقامات پر تیز بارش کے بھی اندیشے ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ ساحلی آندھرا پردیش میں پیر کے روز بھاری بارش ہوئی، اور منگل کے روز بھی یہ بارش جاری رہ سکتی ہے۔


Share: